بھٹکل ،27؍ جون (ایس او نیوز) مجرمانہ سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے کے لئے بھٹکل ٹاون میونسپل کاونسل کی طرف سے مختلف حساس علاقوں میں نصب کیے گئے اور محکمہ پولیس کو عطیہ کیے گئے سی سی ٹی وی کیمرے آج بند پڑے ہوئے ہیں اور اس کی دیکھ ریکھ کرنے والا کوئی نہیں ہے جس سے جرائم پر قابو پانے کے لئے بنائے منصوبے کو زنگ لگ گیا ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ایم سی کی طرف سے 28 لاکھ روپے خرچ کرتے ہوئے شہری علاقوں میں بعض اہم مقامات پر سال 2015 میں محکمہ پولیس کے لئے عطیہ کے طور پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے تھے۔ اس کو مانیٹر کرنے کا انتظام بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن میں ہی کیا گیا تھا۔ کیمروں کی تنصیب کا ٹھیکہ بنگلورو کی میورا انفوٹیک کمپنی کو دیا گیا تھا۔ ابتداَئی دنوں میں یہ کیمرے اپنا کام انجام دیتے رہے۔ لیکن دھیرے دھیرے کیمروں نے کام کرنا بند کردیا ۔ اب حالت یہ ہے کہ ٹی ایم سی کی طرف سے فراہم کیے گئے اکثر کیمرے بند پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ان مقامات پر جرم ہونے کی صورت میں ان کیمروں کی مدد سے واقعاتی شہادت حاصل کرنا ممکن نہیں رہا ہے۔
دوسری طرف ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی طرف سے بھی بھٹکل میں تنصیب کے لئے 27 کیمرے فراہم کیے گئے تھے۔ ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ ڈی آئی جی کی طرف سے ملے ہوئے کیمرے بھٹکل شہر اور جالی پٹن پنچایت کے ان علاقوں میں نصب کیے گئے ہیں جہاں بھٹکل ٹی ایم سی کے عطیہ کردہ کیمرے نہیں ہیں۔ اور یہ کیمرے پوری طرح کام کررہے ہیں۔
بھٹکل ٹی ایم سی کے اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر اومیش مڈیوال کا کہنا ہے کہ چونکہ ہم نے 2015 میں یہ کیمرے محکمہ پولیس کے حوالے کیے گئے تھے اس لئے اس کی دیکھ ریکھ ہم نہیں کر رہے ہیں۔ دیکھ ریکھ نہ ہونے کی وجہ سے یہ کیمرے خراب ہوگئے ہیں۔ ہمارے پاس فنڈ کی کمی ہے اس لئے ٹی ایم سی کے لئے ان کیمروں کی مرمت کا کام انجام دینا ممکن نہیں ہے۔